بنگلور 14 مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک ہائی کورٹ میں حجاب معاملے کی شنوائی مکمل ہونے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، اس تعلق سے خبر موصول ہوئی ہے کہ کل منگل 15 مارچ کو ہائی کورٹ اپنافیصلہ سنائے گی۔
حجاب پر ہائی کورٹ کے فیصلے کو لے کر نہ صرف پورے ملک بلکہ دنیا بھر کے لوگوں نظریں لگی ہوئی ہیں جس کے ساتھ ہی یہ معاملہ کافی حساس ہوگیا ہے۔ معاملے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے بنگلور پولس نے پورے شہر میں حفاظتی بندوبست سخت کردیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کرناٹک ہائی کورٹ منگل صبح 10:30 بجے اپنا فیصلہ سنائے گی اور اس بات کی اطلاع کے منظر عام پر آتے ہی کمشنر آف پولس کمل پنتھ نے بنگلور شہر میں 15 مارچ صبح چھ بجے سے ایک ہفتہ یعنی 21 مارچ رات بارہ بجے تک امتناعی احکامات نافذ کردئے۔
ذرائع نے بتایا کہ جیسے ہی پتہ چلا کہ حجاب کو لے کر کل منگل کو عدالت اپنا فیصلہ سنانے والی ہے، کمشنر آف پولس کمل پنتھ نے پولس آفسروں کی ایک میٹنگ بلائی جس میں ایڈیشنل کمشنر آف پولس، جوائنٹ کمشنر آف پولس اور ڈپٹی کمشنر آف پولس بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے ڈی سی پی کوہدایت دی کہ وہ سوشیل میڈیا پر نظر رکھے اسی طرح انہوں نے ڈی سی پی (سینٹرل) ایم این انوچیتھ کو ہدایت دی کہ وہ ودھان سودھا کے اطراف اور ہائی کورٹ کے اطراف آج پیر رات سے ہی پولس کا سخت پہرہ بٹھائے۔
سمجھا جارہا ہے کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد مختلف طرح کا ردعمل سامنے آسکتا ہے، کچھ لوگ جمع ہوسکتے ہیں، کچھ لوگ جشن مناسکتے ہیں، اسی طرح کچھ لوگ احتجاج بھی کرسکتے ہیں، تمام پہلووں کوبھانپتے ہوئے حفاظتی بندوبست سخت کیا گیا اور امتناعی احکامات نافذ کرتے ہوئے کسی بھی طرح کے جشن، احتجاج یا لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی۔
یاد رہے کہ سہ رُکنی ججس پر مشتمل ہائی کورٹ بینچ نے حجاب کو لے کر 11 دنوں تک شنوائی کی تھی، چیف جسٹس ریتو راج اوستھی، جسٹس کرشنا ایس ڈکشت اور جسٹس زیب النساء قاضی پر مشتمل سہ رکنی بینچ اب کل منگل صبح 10:30 بجے اپنا فیصلہ سنانے جارہی ہے۔